رانچی، 16/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس نے جمعہ کو الیکشن کمیشن سے شکایت کی کہ جھارکھنڈ میں پارٹی لیڈر راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کو مبینہ طور پر پرواز سے روکا گیا۔ پارٹی نے انتخابی مہم کے دوران یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے فوری اقدام کی اپیل کی ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کو پابندیوں کے باعث اڑان کی اجازت نہیں ملی، جس کے نتیجے میں ان کے جلسوں میں یا تو تاخیر ہوئی یا انہیں منسوخ کرنا پڑا۔
کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی انتخابی تشہیری مہم کسی دیگر کی انتخابی تشہیری مہم سے زیادہ اہم نہیں ہو سکتی۔ جئے رام رمیش نے یہ خط اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کیا ہے، ساتھ ہی لکھا ہے کہ ’’انتخابی تشہیر میں یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ وزیر اعظم کی تشہیری مہم دیگر سبھی کی تشہیری مہم سے زیادہ اہم نہیں ہو سکتی۔ آج راہل گاندھی کو جھارکھنڈ میں اسی وجہ سے تاخیر ہوئی۔‘‘
چیف الیکشن کمشنر کو بھیجی گئی اپنی شکایت میں کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے ان سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یکساں مواقع سبھی کو دستیاب کرائے جانے چاہئیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ راہل گاندھی کانگریس کی ایک انتخابی ریلی کے لیے جھارکھنڈ میں تھے اور انھوں نے ریاست بھر میں سفر کرنے اور سبھی قبل سے مقررہ انتخابی تقاریب میں حصہ لینے کے لیے ضروری اجازت نامے حاصل کر لیے تھے۔ منظور شدہ پروگرام اور اجازت کے مطابق راہل گاندھی اور ان کی ٹیم کو دوپہر 1.15 بجے گوڈا سے ریاست کے دیگر مقامات کے لیے پرواز بھرنی تھی۔
جئے رام رمیش نے اپنی شکایت میں کہا کہ ’’راہل گاندھی کو دوپہر 1.15 بجے پرواز بھرنے کی اجازت تھی، لیکن عین وقت پر اجازت نہیں دی گئی۔ انھیں مطلع کیا گیا کہ آس پاس کے دیگر لیڈروں کے پروٹوکول کے سبب پرواز پر پابندی لگا دی گئی۔ اس تاخیر کے سبب راہلگ اندھی کے بعد کے سبھی پروگرام (جن کے لیے پیشگی اجازت حاصل کی گئی تھی) یا تو تاخیر سے شروع ہوئے یا رد کر دیے گئے۔‘‘
جئے رام رمیش نے الیکشن کمیشن سے گزارش کی کہ ’’ہم کمیشن سے التجا کرتے ہیں کہ وہ اس حالت میں فوری مداخلت کرے اور یہ یقینی بنائے کہ یکساں مواقع رخنہ انداز نہ ہوں۔‘‘ رمیش نے اپنی شکایت میں یہ بھی کہا کہ ’’اگر ایسی حالت کو جاری رہنے دیا گیا تو برسراقتدار طبقہ اور اس کے لیڈران ہمیشہ ایسے پروٹوکول کا غلط فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران کی انتخابی مہم کو محدود کر سکتے ہیں۔‘‘